23 نومبر، 2026، 1:59 PM

سپر پاور کی سپر ٹیکنالوجی ایک مرتبہ پھر ناکارہ؛ ڈیلٹا کی ایک ہزار سے زائد پروازیں متاثر

سپر پاور کی سپر ٹیکنالوجی ایک مرتبہ پھر ناکارہ؛ ڈیلٹا کی ایک ہزار سے زائد پروازیں متاثر

امریکہ میں گزشتہ چند روز کے دوران مختلف شعبوں، بالخصوص فضائی نظام میں وسیع پیمانے پر پیدا ہونے والی خرابیوں کے بعد، ڈیلٹا ایئرلائن نے ایک نئی تکنیکی خرابی اور پروازوں کی معطلی کی اطلاع دی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایسوسی ایٹڈ پریس نے رپورٹ دی کہ ڈیلٹا ایئرلائن کے طیاروں کے وزن اور توازن کا خودکار حساب لگانے والے نظام میں خرابی کے باعث گزشتہ روز اس کمپنی کی ایک ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ یہ واقعہ امریکہ میں یومِ تشکر کی تعطیلات اور فضائی سفر میں اضافے سے عین قبل پیش آیا۔

ڈیلٹا ایئرلائن نے اعلان کیا کہ اس کے تکنیکی ماہرین نے خودکار نظام کی خرابی دور ہونے تک پروازوں کو محفوظ بنانے کے لیے متبادل دستی طریقۂ کار استعمال کیا۔ یہ نظام طیارے کا وزن شمار کرتا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ پرواز کے دوران اس کا وزن مقررہ حد سے تجاوز نہ کرے۔

امریکی وفاقی ایوی ایشن انتظامیہ نے بھی اتوار کی صبح اٹلانٹا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آنے والی بعض پروازوں کی تقریباً ایک گھنٹے تک عارضی معطلی کا اعلان کیا۔

واضح رہے یہ ہوائی اڈہ ڈیلٹا ایئرلائن کا مرکزی مرکز اور دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔

یاد رہے یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب رواں ماہ کے آغاز میں امریکی ایوی ایشن انتظامیہ کے نیٹ ورک میں خرابی کے باعث گزشتہ 25 برسوں کے دوران ملک بھر میں پروازوں کی طویل ترین معطلی ہوئی تھی۔ یہ تعطل چار گھنٹے سے زیادہ جاری رہا اور فضائی کمپنیوں کو اس کے اثرات پر قابو پانے کے لیے بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار کرنا پڑیں۔

پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ اویئر نے اعلان کیا کہ اتوار کی دوپہر تک ڈیلٹا ایئرلائن کی 48 فیصد پروازیں تاخیر کا شکار ہو چکی تھیں۔

واضح رہے اس کے علاوہ اٹلانٹا ہوائی اڈے سے روانہ ہونے والی 38 فیصد اور وہاں پہنچنے والی تقریباً 36 فیصد پروازیں بھی تاخیر سے روانہ یا پہنچیں۔

News ID 1943073

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha